بھٹکل:30/اپریل (ایس او نیوز)ودھان سبھا انتخابات کے پیش نظر مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل اور گیرسوپا سے لے کر بھٹکل تک کی تمام جماعتوں کے ذمہ داران کے ساتھ تنظیم ہال میں 30اپریل بروز پیر کو خصوصی میٹنگ کا اہتمام ہوا، جس میں کانگریس کی حمایت کئے جانےکا فیصلہ لیا گیا ۔
میٹنگ کا آغاز تنظیم کے سکریٹری مولوی سید یاسر برماور ندوی کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری نے استقبالیہ کے بعد تنظیم اور علاقائی جماعتوں سے ربط و تعلقات کی تفصیل پیش کی اور بتایا کہ ہروقت وہ علاقائی سرگرمیوں میں عملی طورپر شامل رہی ہیں۔ سیاسی پینل کے کنونیر مولوی ایم جے عبدالرقیب ندوی نے افتتاحی کلمات پیش کرتےہوئے حالیہ ودھان سبھاانتخابات کو لے کر پچھلے 6 ماہ سے جاری سرگرمیوں پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ محلہ سطح کی کمیٹیوں ، اسپورٹس سنٹر، علاقائی جماعتوں ، اندرون و بیرون ملک جماعتوں ، مساجد کمیٹیوں سمیت ہرایک سے ملاقات و گفتگو کرتے ہوئے ان کے سامنے حالات کو رکھتے ہوئے ان کے انتخاباتی رجحان جاننے کی کوشش کی گئی ہے اور ملی سطح پر متفقہ فیصلہ لینے کی طرف قدم اٹھایا گیا ہے۔ میٹنگ میں شریک مختلف جماعتوں کے ذمہ داروں نے بھی کھل کراپنے مسائل وغیرہ کو پیش کیا اور سیاسی طورپر واضح انداز میں اپنے رجحان کو رکھا۔ تنظیم کے ذمہ داروں نے بھی سنجیدگی سے سماعت کرنے کے بعد ان کو اطمینان بخش جواب دیا۔
اس کے بعد کانگریس امیدوار منکال وئیدیا تنظیم پہنچے تو تنظیم سمیت دیگر جماعتوں کے عہدیداروں نے جاری ترقیاتی کاموں کے ساتھ پچھڑے علاقوں کی ترقی اور امن اور شانتی کو ترجیح دینے کی بات رکھی تو منکال وئیدیا نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ میں نے ہمیشہ ذات پات اور دھرم کی تفریق نہ کرتے ہوئے تمام کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی فرقہ وارانہ مساوات کو ہی ترجیح دیں گے ۔ صدرِتنظیم مزمل قاضیا نے میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ کے بعد تنظیم صدر مزمل قاضیا نے ساحل آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تنظیم کا سیاسی پینل گیرسوپا سے لے کر بھٹکل تک جتنے گاؤں ہیں ان سب گاؤں کے ذمہ دار اس پینل کے باقاعدہ ممبر ہیں جنہیں سیاسی پینل کی میٹنگوں میں ووٹنگ کا حق حاصل ہے۔ جب کبھی الیکشن آتاہے تو 5-6مہینے پہلے ہی کام شروع کیا جاتا ہے۔ ووٹر لسٹ سے لے کر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جاتاہے۔ ہم لوگ ایک ایک دیہات میں جا کر کاموں کا جائزہ لیتے ہیں کتنا کام ہوا ہے کتنا باقی ہے، بقیہ کام کیوں نہیں ہوئے ، ہر ایک مسئلہ پر بات کی جاتی ہے اور اس کابھرپور جائزہ لیا جاتاہے۔
جناب مزمل قاضیا نے بتایا کہ ودھان سبھا انتخابات کو لے کر تنظیم کی سرپرستی میں 21جنوری کوعلاقائی جماعتوں کے ساتھ اہم میٹنگ کرتےہوئے ان کے سیاسی رجحان کو جاننے کی کوشش کی گئی۔ اندرونی و بیرون ہند جماعتوں ، فیڈریشن ، تنظیم انتظامیہ سمیت ہر ایک کے سامنے ہماری کارروائی کو سامنے رکھا اور سیاسی رجحان کو جاننے کی کوشش کی گئی۔ اور فیصلہ لیا کہ ہم جس امیدوار کی بھی حمایت کریں گے ان کے سامنے اپنے مسائل اور مطالبات رکھ کر وعدہ لیں گے۔ خاص کر ضلع پنچایت، تعلقہ پنچایت ، بلدیہ اور گرام پنچایت میں ہمیں معقول نمائندگی ملنی چاہئے۔ ضلع پنچایت کے 2ممبران کے ہم مستحق ہیں کم سے کم ایک ہمارے لئے ضرور ملے۔ ہمارے علاقے (مسلم اکثریتی علاقے) ریزرو نہ ہوں۔ ہمارے لوگوں کو بھرپور موقع ملے تاکہ کام کر سکیں۔
ہمارا اہم مقصد فسطائی طاقتوں کی شکست ہے، کانگریس امیدوار نے بھی عہدکیا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کام کریں گے۔ ووٹرس بڑھ چڑھ کر حصہ لیں انہوں نے اپیل کی کہ اعلیٰ شرح کے ساتھ پولنگ کی جائے اور کانگریس اُمیدوار کو کامیاب کرنے ہرممکن کوشش کی جائے۔